حکومت میں اعتماد کا فقدان ہے، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل فیصلے نہیں کر پا رہے: شوکت ترین

news-details

اسلام آباد (اتوار 28 اگست 2022) سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے آئی ایم ایف سے اپنی شرائط پر معاہدے کیے تھے۔ حکومت کو چاہیے آئی ایم ایف کو مالی مشکلات بتا کر بات کریں لیکن حکومت میں اعتماد کا فقدان ہے۔وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل فیصلے نہیں کر پا رہے۔
موجودہ حکومت کو ہوم ورک کر کے حکمت عملی اپنانی چاہیے لیکن جب 13 جماعتوں کے اتحاد کی حکومت ہوگی تو ایسے مسائل آئیں گے۔شوکت ترین نے کہا کہ صوبوں نے وفاق سے معاہدے کر رکھے ہیں۔وفاق نے دو ماہ تک صوبائی حکومت کو جواب نہیں دیا تو اس کا ذمہ دار کون ہے؟ ۔شوکت ترین نے کہا یہ حکومت عوام کو کیا ریلیف دے گی ابھی تو مزید مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ ابھی تو حکومت پٹرولیم لیوی میں مزید اضافہ کرے گی ۔
قبل ازیں سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے موجودہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو آڑے ہاتھوں لے لیا،شوکت ترین نے کہا ہے کہ مفتاح صاحب اگر آپ بجٹ سے اب تک کے پی کے حکومت کے خدشات کو دور کرتے تو تیمورجھگڑا آپ کو خط نہ لکھتے۔ شوکت ترین نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ شُتر مرغ نہ بنیں اور اپنی تمام ناکامیوں کا الزام پی ٹی آئی پر ڈالنے کے بجائے ان کو حل کریں۔
آپ کی ناکامیوں کو اب آپ کے اپنے ساتھی بھی اجاگر کر رہے ہیں،بہتر ہے کہ مسئلے کو حل کریں۔ سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں میں سیلاب نے تباہی مچا دی ہے،لاکھوں لوگ اپنے گھروں اور فصلوں سے محروم ہو چکے ہیں،مخیر حضرات کیلئے متاثرین تک دل کھول کر پہنچنے کا وقت ہے،ہمیں بحیثیت قوم اکٹھا ہونا چاہیے۔ادھر تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے بھی مفتاح اسماعیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مفتاح اسماعیل کہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کی وجہ سے آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں ہو پا رہا،وہ ناکامی کا سارا ملبہ پی ٹی آئی پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔