خیبر پختونخوا حکومت نے جاں بحق افراد کے لواحقین کی امداد 3 لاکھ روپے سے 8 لاکھ اور تباہ گھروں کی امداد ایک لاکھ سے 3 لاکھ روپے کردی

news-details

چارسدہ : (اتوار 28 اگست 2022)خیبر پختونخوا حکومت نے سیلاب کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی امداد 3 لاکھ روپے سے 8 لاکھ اور تباہ گھروں کی امداد بھی ایک لاکھ سے 3 لاکھ روپے کردی ہے۔ وزیر محنت خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے چارسدہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے امدادی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
متاثرین سے گفت گو کے دوران شوکت یوسف زئی نے کہا کہ قدرتی آفت سے بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔صوبے میں اب تک 230 افراد جاں بحق جب کہ 24 ہزار مکانات اور پچاس سے زائد ہوٹل بھی تباہ ہوچکے ہیں۔ صوبائی وزیر نے متاثرین کو یقن دلایا کہ حکومت انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی، وزیر اعلی محمود خان خود ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں، جبکہ صورت حال بہتر ہونے پر نقصانات کا سروے شروع کردیا جائے گا ۔
شوکت یوسف زئی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے جاں بحق افراد کی امداد تین لاکھ روپے سے بڑھا کر آٹھ لاکھ روپے کردی ہے۔اس طرح تباہ گھروں کی امداد بھی ایک لاکھ سے تین لاکھ روپے کردی ہے ۔