ترکیہ اور یو اے ای سے سیلاب متاثرین کیلیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

news-details

اسلام آباد: (پير 29 اگست 2022)سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے ترکیہ اور یو اے ای کی جانب سے بھجوائے گئے سامان کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے امدادی سامان سے لدا جہاز نور خان ایئر بیس راولپنڈی پر اترا ۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، این ڈی ایم اے اور دفتر خارجہ کے حکام نے سامان وصول کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الذہبی بھی موجود تھے۔
دوسری جانب ترکیہ سے سیلاب متاثرین کے لیے امداد سامان سے بھرا طیارہ کراچی پہنچا ۔ امدادی سامان میں ادویات، خیمے، کمبل، مچھر دانیاں اور ضروریات کا دیگر سامان موجود ہے۔
کراچی کے جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر خرم دستگیر خان اور صوبائی وزیر سعید غنی نے امدادی سامان وصول کیا۔