پاک فوج اور آرمی ایوی ایشن ملک میں سیلاب زدگان کی مدد میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ، پھنسے لوگوں کی بحالی کا کام جاری

news-details

اسلام آباد : (جمعہ: 02 ستمبر 2022) پاک فوج اور آرمی ایوی ایشن ملک میں سیلاب کے بعد امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں،گزشتہ 24 گھنٹےکے دوران19 سوسے زائد پھنسے ہوئے افراد کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج سیلاب زدگان کی مدد میں مصروف ہے، ہیلی کاپٹروں کی 2 سو سے زائد پروازیں، 162ٹن امدادی سامان، 50ہزار سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سندھ، جنوبی پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے اور راشن ، ادویات کی منتقلی کا عمل جاری ہے، اب تک آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹروں نے 2 سو پروازوں کے ذریعہ 162 ٹن امدادی اشیا اور50 ہزار سے زائد افراد کو آفت زدہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقوں میں 147 ریلیف کیمپ چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں اور 60 ہزار سے زیادہ مریضوں کا علاج، 3سے 5 روز کی مفت دوائی فراہم کی گئی،221 فلڈ ریلیف آئٹمز کلیکشن پوائنٹس پر13 سو50 ٹن سے زائد خوراک ،دویات اور دیگر غذائی اشیاء جمع کی گئی ہیں۔