news-details

بغاوت پر اکسانے کے الزام : پی ٹی آئی رہنما شہبازگل نے ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کردی

اسلام آباد : (جمعہ: 02 ستمبر 2022) بغاوت پر اکسانے کے الزام میں قید پی ٹی آئی رہنما شہبازگل نے ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست دائر کردی۔ بغاوت پر اکسانے کے الزام میں قید تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کردی ہے۔
شہباز گل نے درخواست میں ایس ایچ او کوہسار،سٹی مجسٹریٹ سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔ درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ 9 اگست کو تھانہ کوہسار پولیس نے گرفتار کیا، 17 اگست کو پمز کے سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے معائنہ کیا، اڈیالہ جیل اور پمز کے میڈیکل بورڈ کے مطابق تشدد کے شواہد ملے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہباز گل کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر کر دی ہے۔
شہبازگل کی درخواست پر سماعت پیر کے روز چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ کریں گے۔