ملک میں سیلاب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 19 افراد جاں بحق، ایک ہزار 256 زخمی

news-details

اسلام آباد : (جمعہ: 02 ستمبر 2022) ملک میں سیلاب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 19 زندگیاں موت کی وادی میں چلی گئیں، جب کہ ایک ہزار 256 افراد زخمی ہوگئے۔ این ڈی ایم ڈی اے کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 19 زندگیاں سیلاب کی نذر ہوگئیں، اور ملک میں اب تک سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 1 ہزار 186 ہوگئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ حالیہ جاں بحق ہونے والے افراد میں سے 12 کا تعلق سندھ سے، 4 کا خیبرپختونخوا اور 3 افراد کا تعلق بلوچستان سے ہے، جب کہ اس دوران مختلف اضلاع میں 1 ہزار 256 افراد زخمی بھی ہوئے۔ ایم ڈی ایم کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں سیلاب سے 432 افراد، خیبرپختون خوا میں 268، اور بلوچستان میں 256 اموات ہوچکی ہیں، جب کہ پنجاب میں 188، آزاد کشمیر میں 41، گلگت بلتستان میں 22 افراد جان کی بازی ہارے، جب کہ ایک شخص نے اسلام آباد میں دم توڑا۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 526 مرد، 416 بچے اور 244 خواتین شامل ہیں، جب کہ سیلاب سے ملک بھر میں 4 ہزار 896 افراد زخمی بھی ہوچکے ہیں۔ این ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق سیلاب میں 7 لاکھ 36 ہزار 242 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا، جب کہ 4 لاکھ 36 ہزار 307 مکمل تباہ ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ سیلاب نے 4 ہزار 914 کلومیٹر سڑکوں اور 243 پلوں کو نقصان پہنچایا۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق سیلاب میں اب تک 7 لاکھ 33 ہزار 488 مویشی سیلاب میں بہہ چکے ہیں۔