فرانس کی جانب سے سیلاب زدگان کے لئے امدادی سامان اسلام آباد پہنچ گیا

news-details

اسلام آباد: (ھفتہ: 03ستمبر 2022) فرانس کی جانب سے سیلاب زدگان کے لئے امدادی سامان اسلام آباد پہنچ گیا، جسے وزیرصحت عبدالقادر پٹیل نے وصول کیا۔ پاکستان کے سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے عالمی براداری کی جانب سے امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، اور آج فرانس کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان بھی اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔
وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے فرانسیسی سفیر سے سامان وصول کیا، اور فرانس کا شکریہ ادا کیا۔ عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کیلئے امداد خوش آئند ہے، سیلاب سے بڑے پیمانے پر لوگ بے گھر ہوئے، متاثرین کی بحالی کیلئے وفاقی حکومت صوبوں سے ملکر کام کررہی ہے۔
وزیرصحت نے بتایا کہ فرانس نے 4 ڈاکٹرز، 4 انجینئرز اور 4 نرسز پر مشتمل ٹیم بھی بھیجی ہے، امدادی سامان میں نکاسی آب کیلئے بڑے بڑے پمپس بھی شامل ہیں، فرانسیسی عملہ سندھ کے اہلکاروں کو ڈی واٹرنگ کی تربیت بھی دے گا۔ اس موقع پر فرانسیسی سفیر کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں، فرانسیسی صدر میکرون نے پاکستان کی فوری مدد کی ہدایت کی تھی۔ فرانسیسی سفیر نے بتایا کہ امدادی سامان میں واٹر پمپس، کھانے پینے کا سامان اور خیمے بھی ہیں، امدادی سامان کی اگلی کھیپ میں خصوصی پل بھی پاکستان آئے گا، یہ خصوصی پل کسی بھی جگہ فوری ضرورت میں استعمال ہوسکتا ہے۔