news-details

عمران نے ملک کو کمزور کرنے کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے ، پاک فوج کے سپاہی سے لیکر جرنیل تک ہر ایک محب وطن ہے: آصف زرداری

اسلام آباد: (پیر: 05 ستمبر 2022) سابق صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کو کمزور کرنے کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے جو ہمارے جیتے جی نہیں ہوسکتا، ہم اپنے اداروں کو اس شخص کی ہوس کی خاطر متنازع نہیں بننے دیں گے۔ پاک فوج کے سپاہی سے لیکر جرنیل تک ہر ایک محب وطن ہے.
پیپلز پارٹی رہنما آصف زرداری نے عمران خان کے گزشتہ روز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ساری قوم کو نظر آرہا ہے کہ فتنہ کون ہے۔آج سب کو انسان اور حیوان کا پتہ چل گیا ہے، اس شخص نے ملک کو کمزور کرنے کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے جو ہمارے جیتے جی نہیں ہوسکتا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم اپنے اداروں کو اس شخص کی ہوس کی خاطر متنازع نہیں بننے دیں گے، ہمارے ہر سپاہی سے لیکر جرنیل تک ہر ایک بہادر اور محب وطن ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پوری قوم اس وقت سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے، سیلاب متاثرین کی مدد کی کوشش جاری ہے اور یہ شخص جلسہ جلسہ کھیل رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بھی صرف وفاقی حکومت نظر آرہی ہے، خیبرپختونخوا اور پنجاب حکومتیں صرف جلسوں کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے 4 مہینے میں ملک کا بیڑا غرق کردیا، یہ صرف کرپشن کیسز ختم کروانے آئے ہیں، الیکشن سے بھاگنے کا مقصد نومبر میں مرضی کا آرمی چیف لگانا ہے۔ عمران خان کے بیان پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران نیازی کا مذموم ایجنڈا واضح طور پر پاکستان کو تباہ کرنا اور کمزور کرنا ہے، اب وہ مسلح افواج اور اس کی قیادت کے خلاف براہ راست کیچڑا چھالنے اور زہریلے الزامات میں ملوث ہو رہے ہیں۔