شہبازگل کے بعد عمران خان کا بیان آرمی میں تقسیم کی ایک اور سنگین سازش ہے: ترجمان پی ڈی ایم

news-details

اسلام آباد : (پیر: 05 ستمبر 2022) ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا ہے کہ شہبازگل کے بیان کے بعد عمران خان کا بیان آرمی میں تقسیم کی ایک اور سنگین سازش ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان بیرونی ایجنڈے کے تحت اداروں کو تباہ کرنے کے مشن پر گامزن ہے،اگر عمران خان کا پسندیدہ آرمی چیف نہ لگایا گیا تو کیا وہ محب وطن نہیں ہوگا ؟حافظ حمداللہ نے سوال کیا کہ کیا یہ ہوسکتا ہے کہ تھری یا فور اسٹار افسر ہو اور محب وطن نہ ہو؟۔
حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ بانٹنے کا ٹھیکہ عمران نیازی کوکس نے دیا ہے؟ ۔جب کہ وفاقی وزیر شری رحمن نے کہا ہے کہ ملکی مفادات کے خلاف سازشیں کرنے والے اب بھٹو اور زرداری خاندان کو غدار کہہ رہے ہیں،اب لاڈلہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ پر اپنا فیوریٹ آرمی چیف لگا کر رعایتیں لینے کاالزام لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما سیکیورٹی اداروں پر مسلسل الزام تراشی کر رہے ہیں ۔ عمران خان سیکیورٹی اداروں کے خلاف نفرت اور انتشار پھیلا رہے ہیں،وہ مخالفین کو دو دو سال قید میں رکھ کر بھی کیسز ثابت نہ کر سکے۔جبکہ سابق صدر آصف زرداری نے نام لئے بغیر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کی ہے،آصف زرداری نے کہا کہ ساری قوم کو نظر آرہا ہے فتنہ کون ہے؟ آج سب کو انسان اور حیوان کا پتہ چل گیا ہے۔اس شخص نے ملک کو کمزور کرنے کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے جو ہمارے جیتے جی نہیں ہوسکتا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اداروں کو اس شخص کی ہوس کی خاطر متنازع نہیں بننے دیں گے،ہمارے سپاہی سے لیکر جرنیل تک ہر ایک بہادر اور محبت وطن ہے،پوری قوم اس وقت سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے۔ سیلاب متاثرین کی مدد کی کوششیں جاری ہیں اور یہ شخص جلسہ جلسہ کھیل رہا ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بھی صرف وفاقی حکومت نظر آ رہی ہے،خیبرپختونخوا اور پنجاب حکومتیں صرف جلسوں کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔