news-details

بھارت پاکستان کو معاشی اور دفاعی طور پر کمزور دیکھنا چاہتا ہے، عمران خان ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکے ہیں: خواجہ آصف

اسلام آباد: (پیر: 05 ستمبر 2022) وزیر دفاع خواجہ آصف کہنا ہے کہ عمرا ن خان ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکے،عمران خان مسلسل اداروں پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔آئی ایم ایف کے حوالے سے خط سے بھی سب آگاہ ہے،ملک میں افراتفری کا ماحول بنایا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر دفاع نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف لمبی کارروائی شروع ہونے والی ہے کچھ ہوگئی اور کچھ ہونے والی ہے۔
عمران خان اپنی سیاست کے تحفظ کیلئے فوج کی مدد مانگ رہے ہیں،سیاستدان سیاسی جنگیں سیاسی میدان میں ہی لڑیں،فوج میں اعلیٰ عہدوں کی تقرری کو سیاسی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔عمران خان نے بہاولپور جلسے میں فوج کی قیادت کے حوالے سے غلط بیانی کی،اس طرح کے بیانات سے دفاع پر کیا اثر پڑے گا؟آپ کے سامنے ہے کہ بھارت پاکستان کو معاشی اور دفاعی طور پر کمزور دیکھنا چاہتا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان سرحدوں کی حفاظت کیلئے جانوں کی قربانیاں دیتے ہیں،شہادتوں کی بڑی فہرست ہے۔فوجی جوان سیلا ب سے متاثرہ علاقوں میں وہاں موجود ہوتے ہیں جہاں رسائی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے ہم ایٹمی صلاحیت بنے پڑوسی ممالک ہمارے مخالف بن گئے،اپنے مفاد کیلئے ملک سے نہ کھیلیں اور کچھ اداروں کا تقدس پاکستان کے سلامتی کیلئے ہے۔