news-details

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت تمام دیگرکی عبوری ضمانت میں 27 ستمبر تک توسیع

اسلام آباد : (بدهه : 07 ستمبر 2022) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سمیت تمام ملزمان کی عبوری ضمانت میں 27 ستمبر تک توسیع کر دی۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں عمران خان سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت کی درخواستوں پر آج بروز بدھ 7 ستمبر کو سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال کو عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے بتایا کہ ان کے مؤکل ضمنی الیکشن کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکے۔ فیصل واوڈا ، اسد عمر اور اسد قیصر کے وکلا نے بھی اپنے اپنے مؤکلان کے حاضر نہ ہونے کی وجوہات سے آگاہ کیا۔ عدالت نے چاروں ملزمان کو حاضری سے ایک دن کیلئے استثنیٰ دیدیا ۔
فیاض الحسن چوہان کے وکیل نے مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کی تو جج نے کہا ضمانت کی اسٹیج پر ہم کیسے ملزم کو بری کرسکتے ہیں ؟ عدالت نے تمام ملزمان کی ضمانتوں میں ستائیس ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ جو جو وقوعہ میں شامل نہیں تھے اسے کیس سے نکال دیں۔
دوران سماعت بابراعوان ساتھی وکیل سردار مصروف خان سے الجھ پڑے۔ وکیل بابر اعوان نے موقف اپنایا کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی بھی مقدمہ کے وقت اسلام آباد میں نہیں تھے، سیف اللہ نیازی اس وقت ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ عدالت نے عمران خان سمیت تمام ملزمان کی عبوری ضمانت میں 27 ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔