پاکستان بھر میں آج یوم فضائیہ ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے، شہداء کو خراج عقیدت پیش

news-details

لاہور : (بدهه : 07 ستمبر 2022) ملک بھر میں یوم فضائیہ جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، یوم پاک فضائیہ کے موقع پر پاکستان ایئر فورس کے دستے نے شہید راشد منہاس کی قبر پر حاضری دی اور سلامی پیش کی۔ سات ستمبر پاک فضائیہ کے شہیدوں اور جانبازوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے، یوم فضائیہ کے موقع پر نشان حیدر کا اعزاز حاصل کرنے والے سب سے کم عمر پائلٹ آفیسر راشد منہاس کی قبر پر پاک فضائیہ کے دستے نے حاضری دی، ایئر وائس مارشل زعیم افضل نے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر راشد منہاس کے بھائی انجم منہاس سمیت اعلیٰ افسران نے بھی قبر پر پھول رکھے، میڈیا سے گفتگو میں ائیر وائس مارشل زعیم افضل کا کہنا تھا کہ راشد منہاس کا نام تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ 1971 میں راشد منہاس شہید نے اپنی جان اس وقت وطن پر قربان کی تھی جب وہ اپنی پہلی سولو فلائٹ پر روانہ ہو رہے تھے کہ اچانک ان کے انسٹرکٹر مطیع الرحمان طیارے کو رن وے پر روک کر سوار ہوگئے اور جہاز کا رخ دشمن ملک بھارت کی جانب موڑ دیا، 20 سالہ راشد منہاس نے دشمن کی اس سازش کو ناکام بناتے ہوئے جہاز کو زمین کی جانب موڑ کر دشمن کے عزائم خاک میں ملادیئے اور جام شہادت نوش کیا۔
سال 1965 کی جنگ میں پاک فصائیہ کے جانبازوں نے وطن عزیز کی فضائی حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کو شکست دی۔ پوری قوم کو پاک فضائیہ کے شاہینوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر ناز ہے۔ آج بھی پاک فضائیہ کا ہر فرد 1965ء والے جذبے سے سرشار اور دشمن کی ہر چال کا جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔