محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی

news-details

اسلام آباد(ہفتہ : 10 ستمبر 2022) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج بروز ہفتہ 10 ستمبر سے چودہ ستمبر تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے، جب کہ اس دوران لینڈ سلائیڈںگ کے خدشے کے باعث متعلقہ اداروں کو خبردار بھی کردیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں آج مون سون کا نیا سلسلہ داخل ہوگا، جس سے خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت اور جنوبی پنجاب سمیت سندھ کے کچھ علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔
میٹ آفس کا یہ بھی کہنا ہے کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق نئے سسٹم کے تحت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جب کہ مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، شانگلہ، سوات، مالا کنڈ، دیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
چترال، مردان، چارسدہ، پشاور، کوہاٹ اور کرم میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ خطۂ پوٹھوہار، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، سیالکوٹ اور نارووال میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ عمر کوٹ، ٹھٹھہ، بدین، میر پور خاص اور تھر پارکر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔