عمران خان نے تیاری پکڑنی ہے، ہم مکمل تیار ہیں، مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے جدید طریقہ استعمال کیا جائے گا: رانا ثناء اللہ

news-details

اسلام آباد:(جمعرات : 22 ستمبر 2022ع) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ابھی تیاری پکڑنی ہے لیکن ہم مکمل تیار ہیں۔ریڈ زون کو سیل کیا،آج کھول رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جب عمران خان آنے کا ارادہ ظاہر کریں گے تو دوبارہ سیل کریں گے۔مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے جدید طریقہ اختیار کیا جائے گا،ڈرون شیلنگ کے استعمال پر بھی غور کیاجائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ صوبوں سے پولیس فورس مانگی ہے،صوبوں نے پولیس نفری بھجوانے سے انکار کیا تو انکے خلاف کارروائی ہوگی۔ قبل ازیں یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کے متوقع لانگ مارچ اور دھرنے سے نمٹنے کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ وفاقی پولیس نے صوبوں سے پولیس ، رینجرز اور ایف سی کی 30 ہزار اہلکار مانک لیے ۔
ذرائع نے بتایا کہ پنجاب سے 20 ہزار خیبر پختونخواہ سے 4 ہزار اور6 ہزار نفری رینجرز مانگی گئی ہے.پولیس ، ایف سی اور رینجرز کے علاوہ سینکڑوں کنٹینرز بھی لگائے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق داخلی راستوں پر کینٹرز کے ساتھ خندقیں بھی کھودی جائیں گی ، اضافی آنسو گیس کے شیل اور آنسو گیس پھینکنے والے ڈرونز بھی منگوائے گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ایف سی کے تین ہزار اہلکار اسلام آباد پہنچ بھی گئے ہیں،پنجاب اور خیبر پختونخواہ نے ابھی تک نفری دینے کا فیصلہ نہیں کیا۔
جب کہ اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت مکمل ہوش کھو بیٹھی ، ابھی تو تحریک انصاف نے اسلام آباد بند کرنے کی کوئی کال ہی نہیں دی ابھی سے پورا شہر قلعہ بنا رہے ہیں اتنے خوفزدہ اور نالائق لوگ شائد ہی اسلام آباد نے پہلے دیکھے ہوں ،انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کراؤ اور لوگوں کو فیصلہ کرنے دو۔خیال رہے کہ ہ پاکستان تحریک انصاف نے ستمبر کے آخری ہفتے میں لانگ مارچ کا فیصلہ کیا ہے.