پچ اچھی تھی پاکستان ٹیم نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی، تیسرے ٹی 20 میچ میں نئے پلان کے ساتھ آئیں گے: معین علی

news-details

کراچی: (جمعہ: 23 ستمبر 2022ع)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان معین علی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں ایک نیا دن ہوگا اورہم نئے پلان کے ساتھ آئیں گے۔ پاکستان کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں شکست کے بعد انگلش کپتان معین علی نے پریس کانفرنس کرتےہوئے کہا کہ میچ کے لیے پچ اچھی تھی لیکن پاکستان ٹیم نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی
معین علی نےتسلیم کیا کہ مہمان ٹیم نے ایک اہم کیچ چھوڑا جس سے کافی فرق پڑا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ میرا اوور ایک جوا تھا اور اگر ہمیں وہاں وکٹ مل جاتی تو میچ میں واپس آجاتے۔ تاہم پاکستان نے وہ اوور بہت اچھا کھیلا اور پاکستانی بیٹرز کی تعریف کرنی پڑے گی۔
انگلش کپتان نے کہا کہ تیسرے میچ میں ایک نیا دن ہوگا اورہم نئے پلان کے ساتھ آئیں گے،انگلش ٹیم کی بولنگ میں کوئی مسئلہ نہیں اور ایک میچ میں شکست سے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم نے اچھی بیٹنگ کی اوراگر وکٹ ملتی تو حالات مختلف ہوتے البتہ بابر اور رضوان بہترین بلے باز ہیں۔ معین علی نے یہ بھی کہا کہ ہم سوچ رہے تھے کہ دوسری اننگ میں گیند گھومے گی تاہم ایسا نہیں ہوا۔