ملک سیلاب میں ڈوبا ہے ، وزیراعظم 7 سٹار ہوٹل میں 71ویں سالگرہ منا رہے ہیں: شیخ رشید

news-details

اسلام آباد: (جمعہ: 23 ستمبر 2022ع) سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک سیلاب میں ڈوبا ہے اور وزیراعظم 71ویں سالگرہ منا رہے ہیں، بلاول بھٹو سے پوچھیں وہ نیویارک کے بجائے واشنگٹن کیوں گئے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اسحاق ڈار آ جائے یا کوئی اور یہ ناکام ہو چکے ہیں، اُلٹی گنتی شروع ہو چکی، حکومت کی عقل جواب دے چکی، اس سے پہلے کہ عوام معاملات اپنے ہاتھ میں لے لیں فیصلے کرنے چاہئیں، اُمید ہے ملک میں جلد انتخابات ہونگے، ڈرون استعمال کرکے ملک میں خانہ جنگی کرائی جائے گی۔
قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سیاسی اقتصادی سماجی بحران انتہا کو پہنچ گیا ہے، پی ڈی ایم مطلوبہ نتیجہ نہ دے سکی اور اس کی الٹی گنتی شروع ہوگئی، عمران خان کاعدالت میں بیان خوش آئند ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نااہل حکومت ربڑ کی گولیاں، ڈرون سے گولے برسا کر خانہ جنگی کرائےگی، لوگ سیلاب اور وباء سے مر رہے ہیں، شہباز شریف 7 سٹار ہوٹل میں 72 ویں سالگرہ کا کیک کاٹ رہے ہیں، وقت پرفیصلے نہ ہوئے تو وقت کسی کا انتظار نہیں کرے گا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ نے بھی تسلیم کر لیا ہے کہ این جی او کے ذریعےاسرائیل میں وفد گیا ہے، فوڈ سکویرٹی بھی قومی سلامتی کا حصہ ہے، بدترین مہنگائی اور آٹے کا قحط انہیں لے ڈوبے گا، ہزاروں کی تعداد میں سول آرمڈفورسز کو اپنے لوگوں کے سامنے لاکھڑا کرنا ایک گھناؤنی سازش ہے۔