لاہور ہائی کورٹ نے مریم نوازکے پاسپورٹ واپسی متعلق درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی

news-details

لاہور :(هفتہ: 24 ستمبر 2022ع) لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ نواز (ن) کی رہنما مریم نواز شریف کے پاسپورٹ کی واپسی سے متعلق دائر درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کرلیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس سے ہفتہ 24 ستمبر کو جاری کی گئی کاز لسٹ میں پاسپورٹ سے متعلق دائر درخواست بھی شامل ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کا تین رکنی بینچ 27 ستمبر کو درخواست پر سماعت کرے گا۔ بینچ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ پر مشتمل ہوگا۔
واضح رہے کہ مریم نواز نے عدالتی تحویل سے پاسپورٹ واپس لینے کے لیے رجوع کر رکھا ہے۔ درخواست میں مریم نواز شریف کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ چار سال کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن مریم نواز کے خلاف چوہدری شوگر مل کا ریفرنس تاحال دائر نہیں ہوسکا۔ مریم نواز کو جب سزا ہوئی تو وہ پاکستان آئیں، وہ بیرون ملک اپنی والدہ سخت بیماری کی حالت میں چھوڑ کر واپس آئیں۔ درخواست میں استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا کہ لمبے عرصے کے لیے کسی شخص کو اس کے بنیادی حقوق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا، عدالت رجسٹرار ہائیکورٹ کو پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔
گزشتہ 13 ستمبر کو ہونے والی سماعت میں عدالت کی جانب سے مریم نواز کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا مریم نواز کا پاسپورٹ واپس کرنے کے حوالے سے کوئی شرائط رکھی گئیں تھيں؟۔ جس پر مریم نواز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مریم نواز کے پاسپورٹ کے لیے کوئی شرائط نہیں رکھی گئیں۔