news-details

عالمی بینک نے پنجاب حکومت کو سیلاب متاثرین کیلئے 35 ملین ڈالر دینے کی پیشکش کردی

لاہور: (هفتہ: 24 ستمبر 2022ع) عالمی بینک نے پنجاب حکومت کو سیلاب متاثرین کیلئے 35 ملین ڈالر دینے کی پیشکش کردی۔ وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی سےعالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرکی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران سیلاب متاثرین کی مدد کی پیشکش کی گئی۔ ملاقات کے دوران پنجاب حکومت اورعالمی بینک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
عالمی بینک کی جانب سے پنجاب حکومت کو یہ پیشکش سیلاب متاثرین کونقد رقم دینے کیلئے کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ 35 ملین ڈالر کو پنجاب احساس پروگرام سے لنک کرکے سیلاب زدگان میں تقسیم کریں گے۔ عالمی بینک سے میرے دیرینہ تعلقات رہے ہیں، میرے سابقہ دور میں عالمی بینک کے تعاون سے تعلیم اورصحت میں انقلابی اصلاحات کی گئیں،میرے ایجوکیشن سیکٹرریفارمز پروگرام کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کے ساتھ تعاون کا سلسلہ ازسرنو شروع کرنا چاہتے ہیں،ہماری حکومت نے آتے ہی ڈگری کی سطح تک تعلیم مفت کرنے کا اعلان کیا،شعبہ صحت میں ایڈہاک ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی بھرتی کی اجازت دی ہے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈز میں ادویات کو مفت کر دیا ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے خصوصی میڈیکل کیمپس لگائے گئے ہیں،سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے جامع پلان مرتب کیاہے،پانی کو محفوظ رکھنے کیلئے ڈیمز بنانے پر پوری توجہ ہے۔