ناظم جوکھیو قتل کیس: مقتول کی والدہ بھی مقدمے سے دستبردار ہوگئیں ، عدالت میں حلف نامہ جمع

news-details

کراچی : (هفتہ: 24 ستمبر 2022ع) ناظم جوکھیو قتل کیس میں مقتول کی والدہ بھی مقدمے سے دستبردار ہوگئیں،والدہ،بیوہ اور بچوں کی جانب سے عدالت میں حلف نامہ بھی جمع کرادیا گیاہے۔ ایڈیشنل سیشن جج ملیر کی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس میں مقتول کی والدہ بھی مقدمے سے دستبردار ہوگئیں۔
ناظم جوکھیو کے ورثا نے عدالت کو بتایا کہ قاتلوں سے صلح ہوگئی ہے اور کیس ختم کرنے پر اعتراض نہیں ہے۔ ورثا نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں حلف نامہ جمع کرادیا ہے۔ عدالت نے قانونی ورثاء سے متعلق اخبار میں اشتہار شائع کرنےکا حکم دے دیا اور نادرا سے بھی آئندہ سماعت تک رپورٹ طلب کرلی۔ اس کیس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام اویس سمیت6 ملزمان گرفتار ہیں۔ ملزمان پر آج(24 ستمبر) کو فردِ جرم عائد ہونا تھی۔ عدالت نے سماعت15 اکتوبر تک ملتوی کردی ہے۔
مقامی صحافی ناظم جوکھيو کو گزشتہ سال نومبر ميں ملیر میں غیرملکیوں کو شکار سے روکنے کی ويڈيو وائرل ہونے کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔ مقدمے میں نامزد پيپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالکریم جوکھیو ملک سے فرار ہوگئے تھے اور اب ضمانت پر ہيں۔ جب کہ رکن سندھ اسمبلی اویس جوکھیو کیس میں گرفتار ہيں۔