کراچی:(پیر: 26 ستمبر 2022ع) کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں لاہور کے لیے روانہ ہوگئیں۔ کھلاڑیوں کو سخت سکیورٹی میں بیک وقت ہوٹل سے کراچی ائیر پورٹ کے ٹرمینل ون پہنچایا گیا، دونوں ٹیمیں آج دوپہر خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی سے لاہور پہنچیں گی، پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 6312 سے سفر کر رہی ہیں۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پانچواں میچ 28 ستمبر جبکہ چھٹا 30 ستمبر کو کھیلا جائے گا اور دونوں ٹیمیں سیریز کے آخری میچ میں 2 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔
ا انگلش ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم آج 17 سال بعد لاہور دوبارہ پہنچے گی، اس حوالے سے سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو 17سال بعد لاہور آمد پر خوش آمدید کہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ لاہور کے دوران انگلینڈ و قومی کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے، تین ٹی ٹونٹی میچز کے دوران 08 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات ہونگے۔ سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ ٹیموں کی ائیر پورٹ سے ہوٹل اور اسٹیڈیم نقل و حرکت کے دوران سیکورٹی و ٹریفک انتظامات مکمل رکھے جائیں گے جب کہ ٹیموں کے روٹ،رہائش گاہ اور اسٹیڈیم کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔
سربراہ لاہور پولیس نے ہدایت جاری کیں کہ تعینات پولیس افسران و اہلکار انتہائی الرٹ رہیں، مشکوک افراد سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں، سی ٹی او لاہور ٹریفک بہاؤ کاجائزہ لیں،شہریوں کے لئے ٹریفک ایڈوائزری پر عملدرامد یقینی بنائیں۔ سی سی پی او نے مزید ہدایات جاری کیں کہ پولیس افسران ضلعی انتظامیہ، دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں اورڈولفن، پی آریو، ایلیٹ و دیگر ٹیمیں روٹ اور نجی ہوٹل کے اطراف موثر پٹرولنگ کریں۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا مزید کہنا تھا کہ پاک انگلینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کے پیش نظر شہر بھر میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری ہیں۔