news-details

اسحاق ڈار کی واپسی کے ساتھ ڈالر کو ریورس گیئر لگ گیا، امریکی کرنسی مزید سستی، روپے کی قدر میں اضافہ

کراچی:(منگل 27 ستمبر 2022ع) ڈالر کو ریورس گیئر لگ گیا، انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں مزید کمی ہو گئی ہے۔ انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 3 روپے 2 پیسے کمی ہوئی ہے جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 234 روپے میں ٹریڈ کر رہا ہے۔
تین کاروباری دنوں میں ڈالر 5 روپے 71 پیسے سستا ہوچکا ہے، ڈالر سستا ہونے سے بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 740 ارب روپے کمی بھی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالرکا بھاؤ 6 روپے 90 پیسےکم ہوکر 237 روپے 50 پیسے پر بند ہوا تھا، انٹربینک میں ڈالر 2 روپے 63 پیسےکمی کے بعد 237 روپے 2 پیسے کا ہو گیا تھا۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے مطابق مقامی کرنسی صبح 9:37 بجے 233.7 روپے فی ڈالر پر ٹریڈ کر رہی تھی جس میں گزشتہ روز 237.02 پیسے پر بند ہونے کے بعد 1.4 فیصد اضافہ ہوا۔ ٹریس مارک میں ریسرچ کی سربراہ کومل منصور نے کہا کہ شرح تبادلہ کو 'رجحانات کے دھارے پر' چھوڑ دیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'ڈار کے جھٹکے' نے روپے کو مضبوط کیا ہے لیکن بنیادی کمزوری باقی ہے، بڑی معیشتیں اپنی کرنسی کو ڈالر کے مقابلے میں مضبوط کرنے کے ارادے سے ریورس کرنسی کی جنگ لڑ رہی ہیں۔ کومل منصور نے کہا کہ جاپان نے 24 سالوں میں پہلی بار ین کو مضبوط کرنے کے لیے مداخلت کی، بھارت نے اپنی پہلے سے ہی مستحکم کرنسی کی حمایت میں تقریباً 90 ارب ڈالر خرچ کیے ہیں۔
اگرچہ اسٹیٹ بینک کے پاس مارکیٹ میں ڈالر پھینکنے کی محدود لگژری ہے، وہ مارکیٹ کو قابو کرنے کے لیے محتاط مداخلت کا استعمال کر رہا ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ قرض دہندگان کے ساتھ زیادہ آواز اٹھائی جائے۔ اس سے قبل ڈان نے رپورٹ کیا تھا کہ اسحٰق ڈار کے نئے وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالنے پر متعدد کرنسی ڈیلرز خوش ہیں، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ ماضی کی طرح ڈالر کی قیمتوں میں کمی لائیں گے۔ اسحٰق ڈار کے بطور سابق وزیر خزانہ کے دور میں روپے اور ڈالر کی برابری 100 کے قریب تھی۔