پاکستان کوایف 16 طیاروں کے پرزوں کی فروخت : امریکا نے بھارتی اعتراض مسترد کردیا

news-details

واشنگٹن: (بدھ: 28 ستمبر 2022ع) امریکا نے ایف 16 طیاروں پر بھارتی اعتراضات مسترد کر دیئے، امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان کا ایف 16 پروگرام دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو کی سفارتکاری رنگ لے آئی، امریکا نے ایف 16طیاروں پر بھارتی اعتراض یکسر مسترد کردیا۔ امریکی وزیرخارجہ نے بھارتی ہم منصب پر واضح کردیا کہ پاکستان کا ایف 16 پروگرام دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ہے۔
بھارتی وزیرخارجہ نے واشنگٹن میں امریکی ہم منصب سے ملاقات کی، اس موقع پر امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے دو ٹوک الفاظ میں کہا دہشت گردی کے واضح خطرات پاکستان کے پڑوس سے اٹھ رہے ہیں، ٹی ٹی پی، داعش اور دیگر تنظیمیں سب کیلئے خطرہ ہیں، دہشت گردی کے خطرات کسی کے بھی مفاد میں نہیں، ہمیں ملکر دہشت گردی سے نمٹنے کی کوششیں کرنا ہوں گی۔
امریکی وزیرخارجہ نے کہا پاکستان کو نئے طیارے یا سسٹم فراہم نہیں کئے جارہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ جو فوجی ساز و سامان دیں اس کو بحال رکھنے کیلئے تکنیکی تعاون بھی فراہم کریں۔ وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان اور بھارت کے اختلافات پر کہا کہ امریکا چاہتا ہے دونوں ممالک تمام مسائل سفارتکاری سے حل کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاعی پروگرام ملک یا اس خطے میں دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کومضبوط بناتا ہے۔ یہ کسی کے بھی مفاد میں نہیں کہ ان خطرات کوبڑھنے دیا جائے۔ دوستوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ اختلافات سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے حل کریں۔
واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ دنوں پاکستان کو ایف 16 طیاروں کا سامان اور آلات فروخت کرنے کی منظوری دی تھی۔