news-details

لاہور ہائی کورٹ میں مریم نواز اورمونس الہیٰ کی درخواستیں ایک ہی روز سماعت کیلئے منظور

لاہور:(ہفتہ:یکم اکتوبر 2022) لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان مسلم لیگ قائداعظم (ق) کے رہنما سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ اور پاکستان مسلم لیگ نواز (ن) کی رہنما مریم نواز شریف کی درخواستیں ایک ہی روز ایک ہی عدالت میں سماعت کیلئے منظور کرلی ہیں۔ دونوں کی درخواستوں پر الگ الگ بینچ سماعت کرے گا۔
مونس الہی کی جانب سے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے) کی جانب سے دائر منی لانڈرنگ کا مقدمہ خارج کرانے کیلئے آج بروز ہفتہ یکم اکتوبر کو درخواست دائر کی گئی ہے، جسے سماعت کیلئے مقرر کرلیا گیا ہے۔ درخواست پر سماعت 3 اکتوبر کو ہوگی۔ جسٹس اسجد جاوید گھرال درخواست پر سماعت کرینگے۔
دوسری جانب مریم نواز شریف کی پاسپورٹ واپس لینے کی درخواست پر سماعت کیلئے کاز لسٹ جاری کردی گئی ہے۔ جس پر عدالت 3 اکتوبر کو سماعت کرے گی۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی سربراہی پر مشتمل تین رکنی بینچ سماعت کرے گا۔ مریم نواز نے پاسپورٹ واپس لینے کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔