news-details

کراچی: ہائی پروفائل کیسز کی پیروی کرنے والے نیب کے دو پراسیکیوٹرز نے استعفیٰ دے دیا

کراچی: (ہفتہ:یکم اکتوبر 2022) نیب کے دو پراسیکیوٹرز نے استعفیٰ دے دیا۔ دونوں پراسیکیوٹرز نے استعفوں کی تصدیق بھی کردی ہے۔ ہائی پروفائل کیسز کی پیروی کرنے والے نیب کراچی کے دو پراسیکیوٹرز نے مستعفی ہوگئے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو کے دو پراسیکیوٹرز ریاض عالم اور شہباز سہوترا نے استعفے نیب ہیڈ کوارٹر بھیج دیے۔
دونوں پراسیکیوٹرز نے استعفوں کی تصدیق کردی ہے جبکہ ریاض عالم کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا ہے۔ دونوں پر اسیکیوٹرز احتساب عدالتوں، سندھ ہائیکورٹ میں ہائی پروفائل کیسز کی پیروی کر رہےتھے۔ دونوں پراسیکیوٹرز 4 سال سے نیب میں فرائض انجام دے رہے تھے۔ تاہم استعفوں کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔
قبل ازیں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ قومی احتساب بیورو ایون فیلڈ ریفرنس میں نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کی بریت کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو فوری چیلنج کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو دی گئی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے بری کردیا تھا۔ نیب کے ترجمان ندیم خان نے کہا کہ نیب کو ابھی تک فیصلے کی تحریری کاپی موصول نہیں ہوئی،ہم تحریری حکم نامہ کے بعد فیصلہ کریں گے کہ فیصلے کو چیلنج کرنا ہے یا نہیں۔نیب کے ایک سابق عہدیدار نے بتایا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے قوانین میں حالیہ ترامیم کے بعد نیب کی جانب سے کیس میں مضبوط دلائل پیش نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے سزا یافتہ افراد ریلیف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے پاس اس کیس میں مضبوط دلائل نہ ہونے کی وجہ سے نیب کے نئے چیئرمین آفتاب سلطان اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔