کسانوں کا دھرنا بلا جواز ہے، ریڈ زون کی طرف مارچ کرنے والوں کیخلاف قانون حرکت میں آئے گا: رانا ثناءاللہ

news-details

اسلام آباد : (ہفتہ:یکم اکتوبر 2022) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ریڈ زون کی طرف مارچ کرنے والوں کیخلاف قانون حرکت میں آئےگا، ریڈزون ریڈلائن ہے، کسان یا کسی بھی گروہ یا جماعت کو ریڈ زون میں احتجاج یا دھرنے کی اجازت نہیں، کسانوں کے مطالبات پورے کردیے دھرنا بلا جواز ہے۔ انہوں نے کسان مارچ کے شرکاء کی جانب سے ریڈزون میں احتجاج اور دھرنا دینے کے اعلان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ کسانوں کا دھرنا بلا جواز ہے، آج کسان اتحاد سے ملاقات میں ان کو صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے، زرعی ٹیوب ویل کے بجلی بلوں میں کمی کیلئے کابینہ کی قائم کمیٹی کام کر رہی ہے، سوموار کو کمیٹی دوبارہ بیٹھے گی اور تمام تجاویز پر غور کرے گی۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ حکومت کسانوں کے جائز مطالبات کو سنجیدہ لے رہی ہے، ٹیوب ویلز کے بلوں کی ادائیگی موخر کرنے کا مطالبہ تسلیم کیا جا چکا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، اب کسانوں کا احتجاج اور دھرنا بلا جواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈزون ریڈلائن ہے، کسان یا کسی بھی گروہ یا جماعت کو ریڈ زون میں احتجاج یا دھرنے کے اجازت نہیں، ریڈ زون کی طرف مارچ کرنے والوں کیخلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے بھی واضح احکامات موجود ہیں کہ ریڈ زون میں کوئی احتجاج نہیں ہو سکتا۔دوسری جانب کسان اتحاد کے احتجاج کے حوالے سے اسلام آباد پولیس نے تازہ بیان جاری کیا ہے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق پولیس کے تازہ دم دستے خیابان چوک پہنچ گئے۔ ایف سی کی بھاری نفری بھی خیابان چوک موجود ہے۔ قیدی لے جانے والی گاڑیاں اور ایمبو لینس بھی خیابان چوک پہنچا دی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس ایس پی آپریشنز اور ضلعی انتظامیہ کے افسران موقع پر موجود ہیں۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق مظاہرین کی قیادت چیئرمین خالد باٹھ اور جنرل سیکرٹری عمر امین کررہے ہیں۔ ۔مظاہرین درختوں سے شاخیں توڑ کرلاٹھیاں بنا رہے ہیں اور پتھر بھی اکٹھے کرلئے ہیں۔ اگر مظاہرین نے پیش قدمی کی کوشش کی تو انہیں منتشر کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔اسلام آباد پولیس نے اپیل کی ہے کہ عورتوں اور بچوں سے گزارش ہے کہ اس طرف رخ نہ کریں۔ کسی کو بھی کاروبار زندگی میں خلل ڈالنے اور توڑپھوڑ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔