سائفر میں ردوبدل کرکے قومی سلامتی سے کھیلا گیا، قومی مفادات سے کھیلنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا: وزیراعظم

news-details

اسلام آباد: (پیر: 03 اکتوبر2022ء) وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی قومی اداروں کے خلاف مہم کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قومی مفادات سے کھیلنے والوں کو جواب دینا پڑے گا، رنگے ہاتھوں پکڑے گئے چور اب اداروں کو بدنام کر کے اپنے جرم کی سزا سے بچنا چاہتے ہیں۔
شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کیا سازش کرنے والا اب اداروں میں انتشار پھیلانے کی سازش کر رہا ہے، سفارتی دائرہ کار میں تبدیلیاں کر کے قومی مفادات سے کھیلنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کوئی اس سے بالاتر نہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ کی آڈیو لیکس نے پاکستان کے مفادات کے خلاف سنگین سازش بے نقاب کر دی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے مبینہ دھمکیوں والے امریکی سائفر کے حوالے سے آڈیو لیکس کے معاملے پر عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دیتے ہوئے ایف آئی اے سے تحقیقات کروانے کا فیصلہ کیا۔
تاہم پاکستان تحریک انصاف نے آڈیو لیکس اور امریکی سائفر کی آئی اے کے ذریعے تحقیقات کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کی سپریم کورٹ سے جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے۔