آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے اعزاز میں ”آنر کورڈن“ تقریب کا اہتمام، امریکی وزیر دفاع سے ملاقات شيڈول

news-details

واشنگٹن: (منگل: 04 اکتوبر2022ء) امریکا میں ایک ہفتے کے طویل دورے پر موجود پاک افواج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ آج امریکی وزیر دفاع سے ملاقات کریں گے۔ ترجمان پینٹاگون کے مطابق امریکی سیکریٹری دفاع جنرل ریٹائرڈ الائڈ جیمز آسٹن آج بروز منگل 4 اکتوبر کو پینٹاگون میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے اعزاز میں ”آنر کورڈن“ تقریب کا اہتمام کریں گے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ امریکا کے دفاع کے ادارے پینٹاگون میں دی جانے والی ( Honor Cordon ) ”آنر کورڈن“ کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ عام طور پر امریکی صدر، نائب صدر، قانونی تقرریوں، فوجی جنرلز، یا فوج کے فلیگ آفیسرز کو اعزازی کورڈن دیا جاتا ہے۔ دوسرے ممالک کے معززین جو امریکی حکام کے برابر درجہ رکھتے ہیں، انہیں بھی بین الاقوامی خیر سگالی کے لیے ایسی تقریبات کا اعزاز حاصل ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ پاک افواج کے سربراہ جنرل باجوہ جمعہ 30 ستمبر کو نیویارک پہنچے تھے۔ گزشتہ 2 سالوں میں یہ ان کا پہلا امریکا کا دورہ ہے۔ اس سے قبل وہ 2019 میں امریکا کے دورے پر گئے تھے، اٗس وقت عمران خان ملک کے وزیراعظم تھے۔ وہ اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ واشنگٹن کے تین روزہ دورے پر گئے تھے۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ تقریباً ایک ہفتہ طویل دورے پر امریکا میں موجود ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے بائیڈن انتظامیہ کے سینیر حکام اور اقوام متحدہ کے ملٹری ایڈوائیز سے بھی ملاقاتیں کیں۔ آرمی چیف باجوہ سے نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر ایورل ڈی ہینس اور سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم جے برنز کی ملاقات متوقع ہے۔
اس کے علاوہ پاکستانی حکام امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں تاہم ذرائع نے بتایا کہ اس کا امکان بہت ہے لیکن ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ سینیر افسران کے ہمراہ سرکاری طیارے میں لندن سے اڑان بھرتے ہوئے جمعہ کو نیویارک کے لاگارڈیا پہنچے۔ وہ کل بروز بدھ 5 اکتوبر کو مختلف تھنک ٹینکس کے ارکان اور پاکستان کے امور میں دلچسپی رکھنے والے دیگر اسکالرز سے ملاقات کریں گے۔