وزیر خارجہ بلاول بھٹو جرمنی پہنچ گئے، جرمن ہم منصب سے ملاقات شیڈول

news-details

برلن: (جمعہ:07 اکتوبر2022ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزير خارجہ بلاول بھٹو زرداری دو روزہ سرکاری دورے پر جرمنی پہنچ گئے ہیں۔ برلن ایئرپورٹ پر ان کا جرمن حکام اور پاکستان سفارت خانے کے حکام نے استقبال کیا۔
دورے کے دوران بلاول بھٹو زرداری جرمن حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جب کہ خارجہ امور سمیت تجارت اور دیگر باہمی تعلقات اور تعاون کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے سے پاکستان اور جرمنی کے تعلقات کو مزيد مستحکم بنانے ميں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو تین روز قبل ہی امریکا کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچے تھے۔ وزیر خارجہ نے اپنے دو ہفتے طویل دورہ امریکا میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے علاوہ امریکی حکام سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی تھیں۔ دورہ امریکا کے دوران بلاول بھٹو کو نیویارک میں دنیا کے نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس کی صدارت کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا تھا۔