لاہور: (ہفتہ:08 اکتوبر2022ء) شیخوپورہ کے گاؤں ہیچڑ سے پولیس نے ہفتہ 8 اکتوبر کو مختلف مقامات سے آٹھ افراد کی لاشیں برآمد کی ہیں، تمام افراد کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے تمام افراد کو کلہاڑی کے وار سے قتل کیا۔ قتل کیے گئے تمام افراد ڈیروں یا کھیتوں میں سوئے ہوئے تھے۔ واقعہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب پیش آیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شیخوپورہ فیصل مختار کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے، جب کہ ملزم کو بھی آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق بظاہر لگتا ہے کہ ملزم جنوبی اور ذہنی معذور ہے، فی الحال حتمی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے۔ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جس سے تفتیش جاری ہے۔
افسوس ناک واقعے کے بعد گرفتار کیے گئے شخص کا نام ابتدائی طور پر فیض بتایا جا رہا ہے، جس نے رات کو سوئے ہوئے افراد کو کلہاڑی اور آہنی راڈ سے قتل کیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم نےتمام قتل رات تقریباً 3 بجے کے قریب کیے۔ واقعے کے بعد علاقے کا محاصرہ کرکے پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی جب کہ پولیس نے قتل کے مقامات سے شواہد جمع کیے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی اور لواحقین کو انصاف کی ہرصورت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ آئی جی پنجاب نے بھی آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔