جرمنی : (ہفتہ:08 اکتوبر2022ء) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چئیرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کو پہلے انسان اور پھر سیاستدان بننا چاہیے، ملک کا ایک تہائی حصہ ڈوبا ہوا ہے اور عمران خان لانگ مارچ کی کال دے رہے ہیں۔ جرمن نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آڈیو لیکس کی سیاست نامناسب ہے، دوغلی پالیسی نہیں چلے گی، مخالف کے ساتھ ہو تو اچھا آپ کے ساتھ ہو تو برا۔ نیب چئیرمین کو قابو کرنے اور مخالفین پر دباؤ بڑھانے کیلئے آڈیو لیکس کرائیں۔
سابق وزیراعظم سے متعلق گفتگو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ خان صاحب کی سیاست بہت عجیب ہے، ملک ڈوبا ہوا ہے اور وہ مارچ کی کال دے رہے ہیں، خان صاحب کو پہلے انسان اور پھر سیاستدان بننا چاہیے۔ سیاست تو چلتی رہے گی۔ اس موقع پر انہوں نے جرمنی کی جانب سے سیلاب زدگان کیلئے دی جانے والی امداد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ امداد توقعات سے زیادہ ہے، ہم جرمنی کے شکرگزار ہیں۔ بلاول نے یہ بھی کہا کہ یہ چیریٹی یا بھیک مانگنے کی بات نہیں، ہم انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں۔ وہ ممالک جنھوں نے سب سے زیادہ مسئلہ کھڑا کرنے میں کردار ادا کیا ان کی مورل ذمہ داری ہے۔