ملک بھر میں آج جشن عید میلاد النبیﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، ہر طرف چراغاں، فضا درودو سلام کی صداؤں سے معطر

news-details

اسلام آباد: (اتوار:09 اکتوبر2022ء) پاکستان بھر میں آج جشن آمد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، شہر شہر چراغاں، مسجدوں، گھروں اور عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21 ، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، عید میلاد النبیﷺ پر ملک بھر میں محافل سماع کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے، ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں اور دیہات میں عید میلاد النبیﷺ کے جلوس برآمد کئے گئے، محافل درود و سلام کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں پیغمبرِ امنﷺ کا پیغام گھر گھر پہنچایا گیا۔
صدر عارف علوی نے 12 ربیع الاول پر پیغام میں کہا کہ حضورﷺ کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنانے میں ہی کامیابی ہے، معاشرے، قوم اور ملک میں امن، خیر خواہی، دیانت اور ترقی چاہتے ہیں تو اسی مثالی معاشرے کی اعلی اقدار کو اپنانا ہوگا جس کی بنیاد نبی کریم ﷺنے رکھی تھی۔
وزیراعظم شہبازشریف نےکہا کہ انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دوجہاںﷺ کی کامل تابعداری میں پنہاں ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے حبیب مکرمﷺ کی کامل اتباع واطاعت نصیب فرمائے۔ 12 ربیع الاول کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے علاوہ جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
دوسری جانب عید میلاد النبیﷺ پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پنجاب میں جلوسوں کے روٹ پرموبائل فون سروس بند رہے گی، محکمہ داخلہ پنجاب کی درخواست پر وفاقی وزارت داخلہ نے پی ٹی اے کو مراسلہ بھجوادیا ہے۔
کوئٹہ میں صبح 8 سے رات 8 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی، محکمہ داخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ 12ربیع الاول کے موقع پر سیکورٹی خدشات کے باعث موبائل فون سروس بند رہے گی۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے موبائل فون سروس بند رہی اور آج بھی عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں سکیورٹی خدشات کے باعث مرکزی جلوس کے روٹ سمیت مختلف علاقوں میں موبائل سروس معطل رہے گی۔