news-details

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کامران ٹیسوری نئے گورنر سندھ تعینات، صدر مملکت نے منظوری دیدی

اسلام آباد: (اتوار:09 اکتوبر2022ء) کامران ٹیسوری کو نیا گورنر سندھ تعینات کر دیا گیا ہے، صدر مملکت نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما محمد کامران خان ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دے دی۔ صدر مملکت پاکستان محمد عارف علوی نے یہ منظوری آئین کے آرٹیکل 101، ایک، کے تحت دی ہے۔
گزشتہ ماہ متحدہ قومی موومنٹ-پاکستان نے اپنی رابطہ کمیٹی کے سابق رہنما کامران ٹیسوری کو پارٹی میں واپس شامل کیا تھا جنہیں اس سے قبل پارٹی کے اندر اس تقسیم کا ذمہ دار سمجھا جاتا رہا تھا جس کے نتیجے میں ڈاکٹر فاروق ستار کو پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔ 22 اگست 2016 کو بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی شرانگیز تقریر کے بعد پارٹی دو حصوں (ایم کیو ایم-پاکستان اور ایم کیو ایم-لندن) میں تقسیم ہوگئی تھی۔
بعد ازاں کاروباری شخصیت کامران ٹیسوری کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر پارٹی مزید ایم کیو ایم بہادر آباد اور ایم کیو ایم-پی آئی بی میں تقسیم ہوگئی تھی جو اس وقت ڈپٹی کنوینر تھے اور ڈاکٹر فاروق ستار کے پسندیدہ تھے۔ سینیٹ کی نشستوں پر ایم کیو ایم (پاکستان) کے 4 امیدواروں میں سے کامران ٹیسوری سمیت 3 امیدوار الیکشن ہار گئے تھے، بعد ازاں دونوں دھڑوں نے متحد ہوکر جولائی 2018 کے عام انتخابات ایک پلیٹ فارم سے لڑے۔ تاہم ان انتخابات میں ایم کیو ایم نے کراچی میں قومی اسمبلی کی 21 میں سے صرف 4 نشستیں حاصل کیں، بعد ازاں کامران ٹیسوری کے معاملے پر اختلافات دوبارہ ڈاکٹر فاروق ستار کو ایم کیو ایم بہادر آباد سے نکالنے کا سبب بنے۔
یاد رہے کہ گورنر سندھ کا عہدہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کی جانب سے استعفیٰ دیے جانے کے بعد سے خالی تھا، جس پر وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائز پر آج صدر مملکت نے کامران ٹیسوری کی تعیناتی کی منظوری دی۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ فنکشنل سے ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت اختیار کرنے والے سیاسی رہنما کامران ٹیسوری نے گزشتہ ماہ ستمبر میں ہی جماعت میں واپس شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔