چلاس میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد ہلاک

news-details

چلاس: (اتوار:09 اکتوبر2022ء) چلاس کے نواحی گاؤں بونر داس میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، بوسیدہ گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے نو افراد جاں بحق ہوگئے۔ چلاس کے نواحی گاؤں بونر داس میں چھت گرنے کا واقع صبح فجر کے وقت پیش آیا، کچھے مکان کا گاڈر ٹوٹنےسے چھت گری جس کے نتیجے میں ماں سمیت نو افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں چار معصوم بچے اور چار بچیاں شامل ہیں۔
ریسکیو 1122اور مقامی رضا کاروں نے نعشوں کو چلاس ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا جہاں معمول کی کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید اور گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اس ضمن میں ایک پولیس اہلکار تاج محمد نے بتایا کہ سرفراز خان کے گھر کی چھت گرنے سے ان کے خاندان کے تمام افراد بشمول ان کی اہلیہ، 4 بیٹیاں اور 4 بیٹے ملبے تلے دب گئے۔ انہوں نے بتایا کہ مکان کی چھت گرنے کی آواز سنتے ہی مقامی لوگ جائے وقوع پر پہنچ گئے اور ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو کا کام شروع کیا جو دو گھنٹے تک رہا اور ایک ایک کر کے تمام لاشیں نکال لی گئیں، البتہ کسی کو زندہ نہیں نکالا جاسکا۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ گھر کی چھت گرنے کے وقت سرفراز خان گھر پر نہیں تھے کیونکہ وہ اپنے کام کی جگہ پر موجود تھے، وہ چلاس شہر کے ایک کیفے میں ویٹر کے طور پر کام کرتے ہیں۔ پولیس نے مقتولین کی شناخت سرفراز کی بیوی خینہ بی بی اور ان کے بیٹوں برکت اللہ، شرافت اللہ، صداقت اللہ اور شفاعت اللہ، 4 بیٹیاں لیلن، کرن، نصرت اور نزہت کے نام سے کی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام بہن بھائیوں کی عمریں 2 سے 12 سال کے درمیان تھیں اور گھر کی چھت مٹی سے بنائی گئی کچی چھت تھی جس کے گرنے کے نتیجے میں پورے خاندان کی موت ہوگئی۔ پولیس نے مزید بتایا کہ دوپہر تک چلاس کے بونر داس علاقے میں ہی تمام 9 افراد کی اجتماعی تدفین کی جائے گی۔