پاکستان مسائلستان بن چکا:عمران خان جتنا جلدی کال دیں گے اتنا جلدی ان کے حق میں فیصلہ ہو گا: شیخ رشید

news-details

راولپنڈی: (اتوار:09 اکتوبر2022ء) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان جتنا جلدی کال دیں گے اتنا جلدی ان کے حق میں فیصلہ ہو گا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ قوم عمران خان کی کال کا انتظار کر رہی ہے کیونکہ چور اور لٹیروں نے غریبوں کا جینا مشکل کر دیا ہے، پاکستان اس وقت مسائلستان بن گیا ہے، ہماری کسی سے لڑائی نہیں ہے، جب ڈیل ہوتی ہے تو چور وزیر اعظم کے جہاز میں واپس آتے ہیں، لوگوں کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کریں، چوروں نے ملک پر قبضہ کر لیا ہے اور چولہے بجھ گئے ہیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان جتنی جلدی کال دیں اتنا ہی جلدی ان کے حق میں فیصلہ ہو گا، کہتے ہیں موڈیز کو سمجھائیں گے کہ ریٹنگ کیسے کم ہوئی، وفاقی حکومت کنٹینر لگا کر کیا کر رہی ہے؟ اور الیکشن میں تاخیر کر کے یہ لوگ کیا کریں گے؟ نواز شریف کو واپس لے کر آئیں لوگ تو وزیر اعظم کے جہاز میں آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج اور ادارے عظیم ہیں جبکہ اداروں سے درخواست ہے کہ ان لوگوں کو بٹھائیں اور الیکشن کا وقت دیں، اگر رانا ثنا اللہ نے لوگوں پر ڈرون حملہ کیا تو کسی چیز کی ضمانت نہیں دے سکتے، نیب کے کیس میں 24 تاریخ کو جاؤں گا اور جب الیکشن کی بات ہو گی پی ٹی آئی کی تمام حکومتیں توڑی جائیں گی، وقت آنے پر ان 13 جماعتوں کو لگ پتا جائے گا۔
قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ملک عدم استحکام کی جانب گامزن ہے، لوگ اغواء ہو رہے ہیں اور سٹرکوں پر فیصلے کئے جا رہے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے خاتم النبیین صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بھوک افلاس اور بے روزگاری کسی کی کال کا انتظار نہیں کرے گی۔ سابق وزیر نے مزید کہا کہ کراچی کی سڑکوں پر لوگ اپنے فیصلے خود کر رہے ہیں، اسی کو خانہ جنگی کہتے ہیں۔