اسلام آباد: (بدھ:26 اکتوبر2022ء) وفاقی حکومت نے افریقی ملک کینیا میں قتل ہونے والے معروف اینکر اور سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے تین رکنی ہائی پروفائل کمیٹی تشکیل دے دی۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کرنے والی تین رکنی کمیٹی میں انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)، انٹر سروسز انٹیلیجنس سروس (آئی ایس آئی) اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے نمائندے شریک ہوں گے۔
تین رکنی ٹیم ہائی پروفائل قتل کی تحقیقات کے لیے فوری طور پر کینیا روانہ ہوگی اور اپنی رپورٹ وزارت داخلہ جمع کرائے گی، کینیا میں پاکستانی ہائی کمیشن کمیٹی کی تحقیقات میں معاونت کرے گا۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ کمیٹی نجی چینل سے منسلک شخصیت کی کمپنی کے سونے کی اسمگلنگ میں کردار کا بھی جائزہ لے گی، اور ٹيم ارشد شریف کی پاکستان سے دوبئی اور پھر کینيا جانے کی وجوہات اور محرکات کا جائزہ لے گی۔
دوسری جانب وزارت داخلہ کی جانب سے ارشد شریف قتل کیس کے لئے تحقیقاتی کمیٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، تاہم نئی تحقیقاتی ٹیم میں حساس ادارے کےافسرکا نام شامل نہیں ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں ڈائریکٹر ایف آئی اے اور ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی شامل ہوں گے۔