اسلام آباد: (جمعرات:27 اکتوبر2022ء) وزيراعظم شہبازشريف، صدر پاکستان عارف علوی، وزيرخارجہ بلاول بھٹو اور دیگر نے يوم سياہ کشميرکے موقع پر پيغام جاری کئے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ہمشہ ہر قيمت پر کشمير کے عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا، اور کشميری عوام کو يقين دلاتا ہوں کہ ہم دنيا کے سامنے آپ کی آواز بنيں گے۔ وزيراعظم کا کہنا تھا کہ کشمير کےعوام کے لئے ہماری حمايت اور يکجہتی برقرار ہے، جب تک کشميری عوام کو حق خود اراديت نہيں مل جاتا چين سے نہيں بيٹھيں گے۔ وزيراعظم نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کشميريوں کی خواہشات اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خوداراديت دياجائے، پاکستان کشميری کاز کے حوالے سے اپنی بھرپور حمايت جاری رکھےگا، ہمارا سب سے بڑا اثاثہ اس بنيادی مسئلے پر قومی اتفاق رائے ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کشمیر کے یوم ِ سیاہ کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر پر ہندوستان کے غیر قانونی قبضے کے75 سال مکمل ہو چکے ہیں، ہم گزشتہ ساڑھے 7 دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے جاری مظالم کی مذمت کرنے اور حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی قربانیوں کو یاد کرنےکیلئے آج کے دن یوم سیاہ مناتے ہیں۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آج کے دن پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آزادی کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔ صدرِ پاکستان نے کہا کہ بے گناہ کشمیری مردوں، عورتوں اور بچوں کی کئی نسلوں نے بھارتی بربریت، خونریزی اور تشدد کے سوا کچھ نہیں دیکھا، مقبوضہ جموں و کشمیر بھارتی فوجی محاصرے میں ہے اور اس میں مقبوضہ خطے کے لوگوں کی بنیادی آزادیوں پر سخت پابندیوں کی وجہ سے مزید شدت آئی ہے۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر 1947 تاريخ کا ايک سياہ ترين دن ہے، جس پر انسانيت شرمندہ ہے، 75 سال قبل بھارت دنيا ميں بدترين غاصب، استعماری ملک بن کر سامنے آيا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ مقبوضہ کشمير ميں انسانيت سوز مظالم کا قصہ گزشتہ 75 سال سے جاری ہے، بھارت اب مقبوضہ کشمير کو سب سے بڑا قبرستان بنانے پر تلا ہوا ہے، اور کشميريوں کی تحريک آزادی کو دبانے ميں ناکام ہوچکا ہے۔ وزيرخارجہ نے مطالبہ کیا کہ دنيا مقبوضہ کشمير ميں جاری انسانی حقوق کی سنگين پامالی کو روکے، عالمی برادری کشميريوں سے کيا گيا استصورب رائے کا وعدہ پورا کرے، پاکستان کشميريوں کے حق خوداراديت کی اخلاقی، سياسی اور سفارتی حمايت جاری رکھے گا۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 75 سال قبل بھارتی فورسز نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر قبضہ کیا، ہر 10 کشمیریوں پر ایک بھارتی فوجی مسلط ہے، لیکن دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کی جدوجہد نہیں دبا سکتی، یہ سفر آزادی پر ہی ختم ہوگا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کی قربانیوں کی مثال ملنا مشکل ہے، کشمیریوں نے ثابت کر دیا کہ بھارت ان کا جذبہ حریت کمزور نہیں کرسکتا، کشمیریوں کے سفر آزادی میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح ساتھ ہیں، کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی، وفاقی وزیر اطلاعات نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔