چنیوٹ : (جمعرات:27 اکتوبر2022ء) سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کہناہے کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے ہمیں کوئی فرق پڑے۔ چنیوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے دوران حکومت میں بھی ملک کو کھوکھلا کیا، اور آج دوبارہ پاکستان کو پاؤں پرکھڑے نہیں ہونے دے رہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ساری سیاست جھوٹ پر مبنی ہے، ان کے پاس کوئی منشورنہیں، وہ الیکشن کمیشن کی طرف سے چور ثابت ہو چکے ہیں۔ سربراہ جے یو آئی نے مزید کہا کہ عمران خان سےکئی بڑے ملین مارچ ہم نےکئے، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے ہمیں کوئی فرق پڑے۔
یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اہل پاکستان کشمیری بھائیوں کیساتھ بے لوث محبت کرتے ہیں، بھارت ظلم وجبرسےکشمیریوں کی تحریکِ حق خودارادیت روک نہیں سکتا۔ مولانا فضل الرحمان نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔