news-details

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا آغاز: کارکن لبرٹی چوک میں جمع ہونا شروع ہو گئے

لاہور: (جمعہ:28 اکتوبر2022ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کےلیے کارکن لبرٹی چوک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد بھی وہاں موجود ہے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔ مرکزی کنٹینر بھی وہاں پہنچا دیا گیا ہے اور عمران خان جمعے کی نماز کے بعد پہنچیں گے۔
لانگ مارچ کا آغاز صوبائی دارالحکومت کے مشہور علاقے لبرٹی چوک سے ہو گا، پہلے روز پی ٹی آئی اپنے سفر کے دوران فیروز پور روڈ، اچھرہ ، مزنگ ، داتا صاحب اور آزادی چوک میں پاور شو کرے گی۔ مارچ کے دوسرے روز پی ٹی آئی کی اگلی منزل شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے ہو گی جہاں پر پاور شو کے بعد قافلہ گوجرانوالہ کی تحصیل کامونکی میں جا کر قیام کرے گا، یہاں پر بھی جلسے کے بعد لانگ مارچ گوجرانوالہ شہر کی طرف گامزن ہو گا۔ شہر میں بڑے پاور شو کا اعلان کیا گیا ہے۔
گوجرانوالہ کے بعد اگلی منزل سیالکوٹ کی تحصیلیں ڈسکہ اور سمبڑیال ہونگی، شہر سمیت دونوں تحصیلوں میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا، جس کے بعد کارواں وزیر آباد جا کر رُکے گا، وزیر آباد میں عوامی لہو گرمانے کے بعدمارچ گجرات پہنچے گا، جہاں پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی مارچ کا استقبال کریں گے اور ایک بڑا جلسہ کیا جائے گا۔ یہاں سے اگلی منزل لالہ موسیٰ اور کھاریاں ہو گی۔
اس سے اگلے روز مارچ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چودھری کے ضلع جہلم میں جائے گا، جہاں پر سابق وفاقی وزیر مارچ کا استقبال کریں گے اور بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا، پھر عمران خان کا لانگ مارچ گوجر خان سے ہوتا ہوا راولپنڈی جائے گا۔ عمران خان اسلام آباد کی جانب بڑھنے کے بارے میں حتمی حکمت عملی مرتب کریں گے۔ روات کے مقام پر ہی شمالی اور جنوبی پنجاب سرگودھا، چکوال، میانوالی، بھکر، لیہ کے قافلے لانگ مارچ میں شریک ہونگے۔