اسلام آباد (جمعہ:28 اکتوبر2022ء) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے تحریک انصاف کی قیادت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔انہوں نے کہا ہے کہ قوم نے آئین شکن فارن فنڈڈ فتنے کا غلام بننے سے انکارکرتے ہوئے خونی مارچ مسترد کردیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوجوان توشہ خانہ چور اور ڈاکو کے محافظ نہیں بن سکتے،عوام نے فتنے کی ہوس اور اقتدارکی بھینٹ چڑھنے سے انکار کر دیا ہے۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فارن فنڈڈ فتنے نے مان لیا ہے کہ اس نے آرمی چیف کو غیر معینہ مدت کے لئے توسیع کی پیشکش کی تھی۔ فارن فنڈڈ فتنہ فوج کے امیج کو بہتر نہیں صرف فوج میں بغاوت اور شہداء کے خلاف مہم چلا سکتا ہے، اس کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جس کا وہ مستحق ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی اپنے قریب ترین لوگوں سے آنکھیں بدل لیں، اس نے 4 سال تک کرپشن نہیں کی بلکہ ڈاکے ڈالے ہیں، لیکن اللہ کا شکر ہے کہ 6 ماہ پہلے ملک تباہی کی طرف جانے سے بچ گیا۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ خاں جرائم پیشہ تھے تو چار سال میں ثابت کر دیتے، تحریکِ انصاف کو صرف فارن فنڈد فتنہ نے کرش کیا ہے، جاسوسی کی اجازت آپ نے خود دی ہوئی تھی، آپ کو آزاد میڈیا سے نہیں بلکہ اپنے اندر کے فتنے کا خوف تھا۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ والدین اپنے بچوں کو آج خونی مارچ سے محفوظ رکھیں، انتخابات آئینی مدت پوری ہونے پر اگلے سال ہوں گے۔