news-details

عمران خان ملک میں ایمرجنسی ، خون خرابہ اور مارشل لاء چاہتے ہیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (منگل: 01 نومبر2022ء) وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان لانگ مارچ کی تقاریر میں دھمکیاں دیتے ہیں، لوگوں کو عمران خان کے منصوبے کا علم ہے، ان کا مقصد الیکشن نہیں خون خرابہ اور مارشل لاء ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملک میں ایمرجنسی کے خواہاں ہیں، عمران خان کہتے ہیں پورا پاکستان کھڑا ہے لیکن کچھ لوگوں کے مجمع کو عوام نہیں کہا جاسکتا، عمران خان کہتے ہیں کہ میڈیا آزاد نہیں اگر میڈیا آزاد نہ ہوتا آپ کی آواز یہاں تک نہ آتی، حکومت عمران خان کے دھرنے سے نمٹنا جانتی ہے ، عمران خان کو گھر بھیج دیں گے، انہیں اپنے منصوبے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست اپنے لوگوں کی حفاظت کرنا جانتی ہے، عمران خان نے اعتراف کر لیا کہ وہ ملک میں مارشل لاء لگوانا چاہتے ہیں، وہ خون خرابے سے انقلاب چاہتے ہیں، ایک طرف ادب دوسری طرف گالی، دماغ کی خرابی اور فرسٹیشن ہے، عمران خان نے آرمی چیف کو اقتدار بچانے کیلئے تاحیات ایکسٹینشن کی آفر دی تھی، آرمی چیف کو مدت ملازمت میں تاحیات توسیع کی پیش کش آئین سے کھلواڑ ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے پاس اپنی کارکردگی کے حوالے سے ایک جملہ بھی نہیں، الیکشن کا اعلان کرنا تھا تومارچ میں آپ کی حکومت تھی اس وقت کردیتے، ان کا مائنڈ سیٹ ہے کہ مارشل لاء لگے، انہوں نے کل کہا کہ مارشل لاء لگتا ہے تو لگ جائے وہ ملک میں ایمرجنسی کے خواہاں ہیں۔