news-details

وفاقی کابینہ نےشہباز گل کا نام ای سی ایل میں ڈالنےکی منظوری دے دی

اسلام آباد: (منگل: 01 نومبر2022ء) عمران خان کے سابق چیف آف اسٹاف اور اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں مرکزی ملزم شہباز گل کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ شہباز گل کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کرنے کی سفارش اسلام آباد انتظامیہ نے کی تھی۔
وفاقی کابینہ نے شہباز گل کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ کابینہ سے منظوری کے بعد وفاقی وزارت داخلہ اب نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے ضابطے کی کارروائی کرے گی۔
شہباز گل کا نام اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر ای سی ایل میں ڈالا گیا۔ دو ماہ قبل شہباز گل کو بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ شہباز گِل کے خلاف مقدمے میں اداروں اور ان کے سربراہوں کے خلاف اکسانے سمیت دیگر دفعات بھی شامل تھیں۔
شہباز گل کی گرفتاری پر عمران خان نے کہا تھا کہ یہ گرفتاری نہیں بلکہ اغوا ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ شہباز گل کے خلاف ایف آئی آر اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں درج کی گئی۔ جس میں ان کے خلاف مبینہ طور پر آرمی کے اہلکاروں اور افسران کو بغاوت پر اکسانے کی دفعات شامل تھیں۔