news-details

پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا، مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی کامیاب قرار

اسلام آباد: (بدھ: 02 نومبر2022ء) پاکستان تحریک انصاف کو لانگ مارچ کے دوران بڑا دھچکا لگ گیا، مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ذوالفقار بھٹی کو کامیاب قرار دیدیا۔ خیال رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں سرگودھا کے حلقے 91 میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی 1 لاکھ 10 ہزار 525 ووٹ لیکر کامیاب ٹھہرے تھے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار چودھری عامر سلطان چیمہ نے ایک لاکھ 10 ہزار 246 ووٹ حاصل کیے تھے۔
اس دوران پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار نے ن لیگی امیدوار کی کامیابی کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا جہاں پر فیصلہ ذوالفقار بھٹی کے حق میں آیا تھا عامر سلطان چیمہ نے فیصلے کوعدالت عالیہ میں چیلنج کر دیا۔ جہاں پر طویل سماعت کے بعد پی ٹی آئی امیدوار کی دوبارہ پولنگ کی درخواست منظور کر لی گئی۔
دوبارہ پولنگ کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عامر سلطان چیمہ نے ن لیگ کے امیدوار ذوالفقار بھٹی کو پچھاڑ دیا تاہم اس کامیابی کو ن لیگ امیدوار نے عدالت میں چیلنج کر دیا تھا۔ طویل سیاسی لڑائی کے بعد بالاخر ذوالفقار بھٹی کو کامیابی ملی ہے۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے امیدوار کو حلقہ این اے 91 سے کامیاب قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر ذوالفقار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کو بحال کر دیا۔