news-details

تحریک انصاف کا مطالبہ پورا ہونے تک ملک گیر احتجاج کا اعلان، وکلا کی ہڑتال

اسلام آباد: (جمعہ: 04 نومبر2022ء) پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین عمران خان کا مطالبہ پورا ہونے تک ملک گیر احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ آج نماز جمعہ کے بعد پورے ملک میں احتجاج ہوگا، جب تک عمران خان کا مطالبہ پورا نہیں ہوتا ملک گیر احتجاج جاری رہے گا۔
سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کے باعث پنجاب بار کونسل کی کال پر آج پنجاب بھر کی وکلاء بارز میں ہڑتال ہوگی۔ آج وکلاء کو عدالتوں میں پیش نا ہونے کی ہدایت دی گئی ہے، وائس چیئرمین پنجاب بار نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی مزمت کرتے ہیں، حملہ انصاف فراہم کرنے والے اداروں کی ناکامی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملتان,صوبہ بلوچستان,صوبہ خیبر پختونخوا کی طرح پنجاب میں بھی وکلاء ہڑتال کرینگے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز عمران خان پر فائرنگ کے واقعہ کے بعد اسد عمر نے بیان میں کہا تھا کہ عمران خان نے وزیراعظم شہبازشریف، وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ اور ایک ریاستی ادارے کے افسر کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے تینوں کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔