آج پھر ہم دنیا کے سامنے بے بس کھڑے ہیں ، عمران خان افواج پاکستان کو نشانہ بنا کر دشمنوں کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟: احسن اقبال

news-details

نارووال: (هفتہ: 05 نومبر2022ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جب تک سیاست میں مذہبی کارڈ استعمال ہوتا رہے گا انتہا پسندی ختم نہیں ہو سکتی، عمران خان افواج پاکستان کو نشانہ بنا کر دشمنوں کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟، بغیر ثبوت اکٹھے کئے کرائم سین کو صاف کیوں کیا گیا؟ 36 گھنٹوں تک ایف آئی آر کیوں نہیں درج کی گئی؟۔
نارووال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان مذہبی انتہا پسندی کا شکار ہو گئے کیونکہ وہ خود اپنے زہریلے بیانات کے ذریعے مذہبی جذبات کو بھڑکانے کے لئے استعمال کرتے ہیں، عمران خان آج نوجوانوں میں آزادی کا چورن بیچ رہے ہیں، عمران خان کے 4سالہ دور حکومت میں نوجوان بدترین بے روزگاری کا شکاررہے، عمران خان نے نوجوانوں سے لیپ ٹاپ کی سہولت بھی چھین لی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان بتائیں کہ کس چیز کی آزادی کی بات کر رہے ہیں؟ عمران خان قوم سے اعتماد چھیننا چاہتے ہیں، اگر 2013 اور 2018 کی پالیسیاں جاری رہتیں تو پاکستان آج دنیا میں بلند مقام پر ہوتا، عمران خان کو پتہ ہے کہ الیکشن اگر اپنے وقت پر ہوئے تو وہ ناکام ہوجائیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا یہ المیہ ہے ہم نے 75 سالوں میں بہترین پالیسیوں کے بیج لگائے مگر ہم ہل چلانے سے باز نہیں آئے، اس زمین کو وہ سکون نہیں دیا جس سے وہ لگایا گیا بیج ہمیں فائدہ دیتا، 2018میں ہل چلایا گیا وہ بیج جو جڑیں نکال رہے تھے ان کو جڑوں سے اکھیڑ دیا گیا، سی پیک بھی اسی ہل کی نظر ہوگیا، آج پھر ہم دنیا کے سامنے بے بس کھڑے ہیں اور دنیا کو جا کر کہتے ہیں اپنے قرضے رول اوور کردو کیونکہ ہمارے پاس اتنے پیسے نہیں کہ ہم آپ کے قرضے ادا کرسکیں۔