عمران خان پر حملہ قابل مذمت ہے،پاکستان کو جمہوری اور پرامن ملک کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں: امریکا

news-details

واشنگٹن : (بدھ : 09 نومبر2022ء) پاکستان کے حالیہ واقعات پر امریکی محکمہ خارجہ نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ عمران خان پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، شہریوں کو پرامن احتجاج کرنے کا حق حاصل ہے، پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں، تشدد کی سیاست میں گنجائش نہیں، پاکستان کو جمہوری اور پرامن ملک کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔
نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں میڈیا کی آزادی کی حمایت کرتے ہیں، بھارت کے روس سے تیل خریدنے پر پابندی نہیں تاہم روس پر کم انحصار بھارت اور یوکرین کے مفاد میں ہے، روس اور بھارت کے تعلقات پرانے ہیں، بھارت یوکرین میں جنگ کی مخالفت کرچکا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں حالیہ دنوں میں جوکچھ ہوا اس پر تشویش ہے۔ تمام سیاسی پارٹیاں تشددد کے بجائے اپنے اختلافات کا پرامن طریقے سے اظہارکریں۔ تشدد کسی بھی بات کا جواب نہیں ہے۔
نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ سرد جنگ میں شروع ہونے والے روس اور بھارت کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔امریکا کے ساتھ بھارت کے اقتصادی، سکیورٹی اور عسکری تعلقات نہیں بن سکے تھے۔ دو دہائیوں میں بھارت امریکا تعلقات آگےبڑھے ہیں۔ آنے والی انتظامیہ بھی بھارت سے تعلقات جاری رکھے گی۔