سکیورٹی خدشات : عمران خان کی رہائشگاہ کے باہرحفاظتی دیواربنادی گئی

news-details

لاہور: (جمعہ : 11نومبر2022ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ان کی رہائش گاہ کے باہر سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیئے گئے۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے گھر کی دیوار کے ساتھ سکیورٹی کے پیش نظر ریت کے تھیلوں کی دیوار قائم کر دی گئی ہے جبکہ سیمنٹ کے بلاکس رکھ کر ’’حفاظتی دیوار‘‘ بھی بنا دی گئی ہے۔
زمان پارک لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی ریت کے تھیلوں کی چیک پوسٹ بنا دی گئی ہے، اس کے علاوہ زمان پارک میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے سکیورٹی کے مزید کیمرے بھی نصب کر دیئے گئے ہیں۔
لاہور زمان پارک آنے جانے والوں کا ریکارڈ رکھنے کے لئے خصوصی ڈیسک بھی قائم کر دیا گیا ہے جبکہ پارٹی کی خواتین رہنماؤں کی آمد کے پیش نظر چیکنگ کے لئے خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات کی گئی ہیں۔
دریں اثنا عمران خان کی سکیورٹی کے معاملے پر سی سی پی او لاہور غلام محمد ڈوگر نے زمان پارک کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ بھی زمان پارک پہنچے۔ مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ عمران خان کو حالیہ اطلاعات کے مطابق سکیورٹی تھریٹ ہے، ان کی سکیورٹی میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ وزیر آباد حملے کی تحقیقات کے لیے بننے والی جے آئی ٹی میں وفاقی حکومت کے ادروں کو اس لیے شامل نہیں کیا گیا، کہ عمران خان کو ان کے سربراہ پر شک ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب ایک فرد ہے، ہمیں پنجاب پولیس کے ادرے پر اعتما د ہے ۔
علاوہ ازیں عمران خان سے ملاقات کے لیے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی آج زمان پارک آمد متوقع ہے۔ ملاقات میں صدر مملکت عارف علوی زمان پارک میں عمران خان کی خیریت دریافت کریں گے اور ان پر حملے سے متعلق اب تک کی تفتیش سے متعلق معلومات لیں گے ۔ اس موقع پر صدر مملکت کو عمران خان کی جانب سے لکھا گیا خط بھی زیر غور آئے گا۔