news-details

کراچی والوں کے لئے بجلی 5 روپے 13 پیسے فی یونٹ سستی کردی گئی، نوٹی فکیشن جاری

کراچی: (جمعہ : 11نومبر2022ء) کراچی کے بجلی صارفین کے لئے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کے لئے بجلی 5 روپے 13 پیسے سستی کردی ہے۔ نیپرا اتھارٹی نے بجلی سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے 13 پیسے کی کمی ستمبر کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔ بجلی کی قیمت میں کمی کے بعد کراچی کے صارفین کو تقریبا 8 ارب 50 کروڑ روپےکا ریلیف ملے گا۔
نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے ستمبر کے لیے ایف سی اے میں کمی کی منظوری دے دی جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق کے الیکٹرک نے 4 روپے 62 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی، اتھارٹی نے 25 اکتوبر 2022ء کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی اور کمی کی منظوری دی گئی۔
نیپرا کے مطابق قبل ازیں اگست کا ایف سی اے صارفین سے 4 روپے 89 پیسے فی یونٹ کمی کے ساتھ چارج کیا گیا تھا، ستمبر کا ایف سی اے اگست کی بہ نسبت صارفین سے 24 پیسے کم چارج کیا جائے گا۔
نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کمی کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لیے ہوگا، لائف لائن صارفین، 300 یونٹس تک گھریلوصارفین ، زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چار جنگ ا سٹیشنز پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔