وزیراعظم شہباز شریف کا لندن میں قیام بڑھ گیا، پاکستان روانگی موخر، نوازشریف سے آج پھر ملاقات متوقع

news-details

لندن: (هفتہ : 12 نومبر2022ء) وزیراعظم کا لندن میں قیام بڑھ گیا، شہبازشریف اور نوازشریف کی آج پھر ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان آج پھر ملاقات کا امکان ہے، نئے آرمی چیف کی تعیناتی پر بات چیت ہوگی، دیگر اہم ایشوز پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے لندن میں قیام بڑھا دیا ہے، وزیر اعظم نے گزشتہ رات لندن سے لاہور کیلئے روانہ ہونا تھا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے لندن میں نوازشریف سے تین دن میں چار ملاقاتیں کیں، ملکی صورتحال پر صلاح مشورے کئے گئے، پاکستان میں اتحادی سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے ہوئے، شریف برادران نے حکومت کی مدت پوری کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ چاہے کچھ بھی ہو، حالات اور نتائج کیسے بھی ہوں، وزیراعظم کسی ’’دباؤ‘‘کو قبول نہیں کریں گے۔ نواز شریف نے کہا، جتھوں کی بات نہ پہلے مانی، نہ اب مانیں گے۔ ملک اس وقت مشکل میں ہے، دعا ہے سارے معاملات بہتر ہو جائیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئینی معاملہ ہے، قانون کے مطابق ہوگی۔وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ لندن میں نوازشہباز میٹنگ میں آرمی چیف کی تقرری کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا نوازشریف اور شہبازشریف نے آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت کی ہے۔ فیصلہ آئینی عمل شروع ہونے کے بعد مشاورت سے ہوگا۔