ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے موسم سرد؛ عوام نے گرم کپڑے اور لحاف نکال لئے

news-details

اسلام آباد: (پير: 14 نومبر2022ء) ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری نے جہاں سردی کی آمد کا نقارہ بجادیا وہیں اسموگ کی بھی چُھٹی ہوگئی ہے۔ ملک میں بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش نے اسموگ کی چھٹی کرادی، جب کہ سردی کی شدت میں اضافے کے بعد عوام نے گرم کپڑے اور لحاف نکال لئے ہیں۔
اسکردو میں موسم سرما کی پہلی برف باری سے موسم مزید ٹھنڈا ہو گیا، شدید برفباری کے باعث اسکردو کے بالائی علاقوں کا شہر سے زمینی رابطہ کٹ گیا ہے، سکردو میں درجہ حرارت منفی پانچ اور استور میں منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، موسم کی خرابی کے باعث آج اسلام آباد اور اسکردو کے درمیان پرواز منسوخ ہو گئی ہیں۔ گلگت بلتستان اور گانچھے میں برفباری کاسلسلہ جاری ہے اور ٹھنڈ بڑھ گئی ہے، جب کہ ضلع استور میں برفباری کے بعد راستے بند ہوگئے۔۔ لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ہیں۔ ناران کاغان، ایبٹ آباد اور نیلم وادی
سرد ہواؤں، برف باری اور بارشوں کے بعد بالائی سیاحتی مقامات جاڑے کی لپیٹ میں ہیں۔ شدید بارش کے باعث ایبٹ آباد میں سڑکیں تالاب بن گئیں۔ بارش کے بعد شاہراہ قراقرم پر پانی جمع ہوگیا ہے۔ نتھیاگلی، ایوبیہ اور ٹھنڈیانی میں بھی بارش کے بعد برفباری ہوئی ہے، جس کے بعد موسم شدید سرد ہوچکا ہے، اور اب تک یہاں دو انچ برف پڑ چکی ہے، سیاحتی مقامات ناراں بٹہ کنڈی سمیت ملحقہ علاقوں میں بارشِ اور برفباری وقفے سے ہورہی ہے۔
جہاں وادی نیلم میں برف باری نے موسم سرد کردیا، وہیں مانسہرہ کے پہاڑ بھی سفید ہوگئے ہیں۔ جب کہ کاغان ناران اور سری پائے میں برفباری کے باعث مختلف شاہراہوں پر تین انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ وادی کاغان میں کئی جگہوں پرکاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اسٹاف بھاری مشینری کے ساتھ شاہراہِ ناران سے برف صاف کرنے میں مصروف ہيں۔ آزاد کشمیر اور مانسہرہ کے سیاحتی مقامات پر برف باری ابھی تک جاری ہے، اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرچکا ہے۔ دوسری جانب بالائی خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب اور کشمیر میں بھی تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔
لاہور سميت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش سے اسموگ کی شدت میں کمی ہوگئی ہے، ہلکی بارش اور بوندا باندی سے سردی کے موسم نے دستک دے دی ہے۔ اسلام آباد، اٹک اور گردونواح میں بھی گرج چمک کےساتھ بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ دن بھرجاری رہے گا۔ ملتان میں ہلکی بارش سے جاڑے کی انٹری ہو گئی ہے، منڈی بہاءالدین، سیالکوٹ اور اٹک میں بھی بادلوں نے زور دکھایا، جب کہ حافظ آباد، قصور اور وہاڑی میں بھی بادل جم کر برسے، جس کے بعد سردی نے بھی زور پکڑ لیا ہے۔ قصور اور وہاڑی میں بھی بارش ہوئی ہے۔ دیر شہر سمیت میدانی و پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری سے موسم سخت سرد ہوچکا ہے، کمراٹ، لواری سمیت ڈوگ درہ اور براول میں برفباری کے بعد ہر طرف سفیدی چھا گئی ہے۔ کمراٹ، لواری، ڈوگ درہ میں چار انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ سوات میں برفباری کے بعد مالم جبہ کے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے، اور وادی کا حسن مزید نکھر گیا ہے۔