news-details

عوام کا پہلا مسئلہ معاشی ہے سیاسی نہیں، دل چاہتا ہے ابھی وطن واپس چلا جاؤں: نواز شریف

لندن: (پير: 14 نومبر2022ء) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کا پہلا مسئلہ معاشی ہے سیاسی نہیں۔ لندن میں غیر رسمی گفتگو کے دوران نواز شریف نے کہا کہ دل چاہتا ہے ابھی وطن واپس چلا جاؤں، جلد وطن واپسی پر پارٹی رہنماؤں کے ساتھ مشاورت جاری ہے لیکن اس حوالے سے تاریخ طے نہیں ہوئی۔
نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کےعوام کا پہلا مسئلہ معاشی ہے سیاسی نہیں، الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے، حکومت کو اب صرف کام کرنا چاہیے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کا لانگ مارچ مکمل ناکام ہو گیا، عمران خان کی ناکام سیاست طعنہ زنی سے آگے نہیں بڑھ سکی، انہوں نے ملک میں جھوٹ، نفرت اور تقسیم کے بیج بوئے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ ن لیگ سیاسی عدم استحکام اور نفرت و انتقام کی سیاست کے خلاف ہے، ملک کو معاشی اقتصادی میدان میں کھڑا کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہے، اتحادیوں کے ساتھ مل کر ملک کو بحران سے نکال لیں گے۔ معاشی اقدامات کے حوالے سے نواز شریف نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ نوجوانوں کو قومی یوتھ لون جیسے پروگرام دے، کم یونٹس استعمال کرنے والوں کو مفت بجلی دینے کا منصوبہ بنائے۔